رحیم یار خان( )موٹروے اور نیشنل ہائی وے پر ڈکیتی‘ چوری‘ اغواء کی وارداتوں کے خلاف غریب بچاؤ تحریک کا قومی شاہراہ پر احتجاج‘ ڈرائیووں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق گذشتہ روز غریب بچاؤ تحریک کے زیراہتمام پیپلزلائرز فورم کے ضلعی صدر مرزا امین خان کی قیادت میں درجنوں افراد نے قومی شاہراہ پر احتجاج کیا۔ اس موقع پر مرزا امین خان ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے اور نیشنل ہائی وے پر سفر کرنیوالے ڈرائیورز کے ساتھ ڈکیتی‘ چوری اور اغواء برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتیں باعث تشویش ہیں۔ فائرنگ کے واقعات میں بے گناہ ڈرائیورز کی ہلاکت ہوچکی ہے۔ اس سلسلہ میں واقعات کے باوجود پولیس‘ موٹروے پولیس اور دیگر فورسز کی جانب سے تحفظ کیلئے خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے گئے جو کہ انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے سلسلہ میں سڑک پر سفر کرنے والے ڈرائیورز‘ مسافروں کو تحفظ فراہم کیاجانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کرتے ہیں اور روک تھام تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر مظاہرے میں شریک افراد نے بینرز اور سرخ جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور زبردست نعرے بازی کی گئی۔

By admin